کامرہ ائر بیس (جیوڈیسک) کامرہ ائر بیس پر اپنی جان دے کر دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے محمد آصف کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں اپنے آبائی گائوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔کامرہ بیس حملے میں شہید سپاہی آصف رمضان کی نماز جنازہ مخدوم رشید میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شہید کے اہل خانہ کے علاوہ، اہل علاقہ اور فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کی میت ملتان ائر پورٹ سے مخدوم رشید تک ایمبو لینس میں لائی گئی ائر فورس کے جوانوں نے تابوت کو جناز گاہ تک پہنچایا۔ اس موقعے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
اس سے پہلے شہید آصف کی نماز جنازہ اسلام آباد میں پاک فضائیہ ہیڈاکورٹرز میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیر اعظم ، چیف آف ائر اسٹاف اور وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔ سپاہی آصف رمضان نے جمعرات کو کامرہ حملے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ پاک فضائیہ نے شہید آصف کے ورثا کیلئے دس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔