کراچی : (جیو ڈیسک) کراچی میں ڈالمیا کے علاقے شانتی نگر میں گذشتہ روز ہونے والے دستی بم حملے کے بعد رپیڈ رسپارنس فورس کے اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے،جبکہ چھاپہ مار کاروائیوں میں مطلوب ملزم ملا شعیب سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گذشتہ روز ڈالمیا کے علاقے شانتی نگر میں مسلح افراد کی جانب سے دستی بم حملے کے بعد سے علاقے میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے مشترکہ کاروائی کی گئی،کاروائی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے،آج صبح سے پولیس اور رپیڈ رسپارنس فورس کے اہلکاروں کی جانب سے گھروں کی تلاشی لینے کا سلسلہ جاری ہے۔
جبکہ منشیات فروشی،اور جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں،پولیس کے ہمراہ خواتین پولیس اہلکار بھی موجود تھیں،ایس پی گلشن عبدالسلام شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کل سے ابتک کی جانے والی کاروائیوں کے دوران مطلوب ملزم ملا شعیب سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے،جبکہ متعدد ملزمان علاقے سے فرار ہوگئے ہیں۔