کراچی: آج بھی 11 افراد موت کے گھاٹ اتار دئیے گئے

karachi target killing

karachi target killing

کراچی میں امن وامان کی صورتحال پولیس کے قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ شہر بھر میں پولیس کے ہائی الرٹ کے باوجود شہر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

روشنیوں کے شہر کراچی میں حالات سنبھلنے کا نام نہیں لے رہے۔ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم اباد میں فائرنگ سے بہادر نامی شخص جاں بحق 2 افراد زخمی ہو گئے۔ بن قاسم کے علاقے میں فائرنگ سے وزیر خان جان کی بازی ہار گیا۔ نارتھ ناظم میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے وحید جاں بحق اور آمنہ زخمی ہو گئی۔ ملیر سٹی تھانے کی حدود غریب آباد کے علاقے میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کے دو کارکنان غلام سرور اور عبدالغنی جاں بحق ہو گئے۔ پی آئی بی کالونی میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں عمیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ملیر سعود آباد میں ملت گارڈن سے نوجوان سلمان کی لاش ملی ہے۔ آگرہ تاج کالونی میں فائرنگ سے غلام سرور جاں بحق ہو گیا۔ مقتول پولیس کا برطرف ملازم تھا۔ اورنگی ٹاون سیکٹر 13 میں بھی فائرنگ سے اکرم جاں بحق ہو گیا۔ نبی بخش تھانہ کی حدود سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جس کی تاحال شناخت نہ ہو سکی۔ آئی جی سندھ نے شہر میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے احکامات تو جاری کر دئیے لیکن اس کے باوجود پولیس ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔