کراچی(جیوڈیسک)کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر تیزی سے پندرہ ہزار سات سو پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بار پھر بحال ہوگئی جبکہ مارکیٹ کے بینچ مارک کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس کی جگہ کے ایس ای فری فلوٹ ہنڈریڈ انڈیکس کا پیر سے باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر کے اسٹاکس میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے پیر کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان واپس لوٹ آیا تاہم بڑے مالیاتی اداروں کی مارکیٹ سے غیر حاضری واضح نظر آئی جس سے تیزی کا رجحان اور مارکیٹ کا والیوم دونوں محدود رہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق 16 ہزار پوائنٹس کی سطح کے قریب مارکیٹ کو مزاحمت کا سامنا ہے تاہم کمپنیوں کے متوقع اچھے مالیاتی نتائج سے رواں ماہ یہ سطح عبور ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ پیر کو تیزی کے نتیجے میں مارکیٹ کا بینچ مارک کے ایس ای فری فلوٹ ہنڈریڈ انڈیکس 53 پوائنٹس بڑھکر 15747 پوائنٹس پر بند ہوا جس نے پندرہ اکتوبر سے کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس کی کامیابی سے جگہ لے لی ہے۔