کراچی : امام بارگاہ دھماکے کا مقدمہ درج نہ کیا جا سکا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں تحقیقاتی ٹیم نے امام بارگاہ کے قریب دھماکے کے شواہد جمع کرلیے ہیں تاہم ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا ۔ کراچی کے علاقے عباس ٹاؤن میں امام بارگاہ کے قریب دھماکے کی جگہ پر آج صبح تفتیشی ٹیم نے دورہ کیا اور جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکٹھے کیے۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کی شناخت کے حوالے سے معلومات ملی ہیں جن کی روشنی میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

عباس ٹاؤن میں گزشتہ رات امام بارگاہ کے قریب دودھ کی دکان کے باہر کھڑی ایک موٹر سائیکل میں زوردار دھماکے سے دو افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود کا کہنا تھا کہ سخت سیکیورٹی کی وجہ سے حملہ آور امام بارگاہ کے اندر نہیں جا سکا۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے موٹر سائیکل سواری پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔