کراچی تا خیبر دووقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو چکا ہے ، انٹرنیشنل ارائیں فورم
Posted on December 12, 2012 By Geo Urdu لاہور
لاہور ( سٹاف رپورٹر ) انٹرنیشنل ارائیں فورم کے سیکریٹری جنرل میاں انجم فارانی ،میاں شعیب سعید،میاں ندیم اور جاوید اکبر نے کہا ہے کہ غریب مظلوم عوام کوتڑپانے اور غریب آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مسئلہ و مشکل بنادینے والے والے ظالم حکمران خدا کے قہر وعذاب سے نہیں بچ سکتے کیونکہ اب دو وقت کی روٹی کا حصول کراچی تا خیبرتک غریب عوام کا بنیادی مسلہ بن چکا ہے۔
اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کا ہر سطح پر استحصال ہورہا ہے اور غریب عوام کے مسائل کا حل صرف اور صرف اتحاد و یکجہتی میں ہی ہے اسلئے اپنے اپنے مفادات کیلئے غریب کو غریب سے لڑوانے والے ملک و قوم اور عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے جبکہ انٹرنیشنل ارائیں فورم مہنگائی ، بیروزگاری ، کرپشن اور بد امنی کے خاتمے ، آئین وقانون کی بالادستی اور اتحادو یگانگت کے فروغ کیلئے سیاسی جدوجہد کررہا ہے اور اگر عوام ہمارا ساتھ دیکر ہماری جدوجہد کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تو ان کے محفوظ و خوشحال مستقبل کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔