کراچی (جیوڈیسک) کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے انسداد تجاوزات آپریشن کے تحت کینٹ اسٹیشن پر غیرقانونی بس اڈے، دفاتر، ہوٹل اور دیگر تجاوزات گرا دیے۔
سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ رات کے ایم سی نے کینٹ اسٹیشن پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی بس اڈے، دفاتر، ہوٹل اور دیگر تجاوزات کو مسمار کر دیا۔
کارروائی کے دوران میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل تین رکنی بینچ نے تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی جس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا گیا تھا اور چیف سیکریٹری سندھ کو آپریشن کی نگرانی کی ہدایت کی گئی تھی۔