کراچی : صفائی وستھرائی کی خصوصی مہم 3روز کے دوران سینکڑوں ٹن سے زائد کچرا ٹھکانے لگا دیا گیا
Posted on September 23, 2012 By Geo Urdu کراچی
کراچی (ارشد محمد) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کی خصوصی ہدایت پر ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام یونین کونسل میں بارش کے بعد صحت مند ماحول کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو صاف ستھرا صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے خصوصی صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے گزشتہ تین روز کے دوران شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام یونین کونسل سے صفائی وستھرائی کے عمل کے دوران 1200ٹن سے زائد کچرا ،مٹی و ملبے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا دیا گیا اور مکھی مچھروں کے خاتمے اور ڈینگی وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء سے عوامی زندگی کو محفوظ بنا نے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جارہا ہے ۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن کی یونین کونسل نمبر 3 اور5 کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری خصوصی مہم کا معائنہ کیا اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے TMAشاہ فیصل کی جانب سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ صفائی وستھرائی کے زریعے صحت مند ماحول کا قیام اور عوام کو صحت مند زندگی کو فروغ دیا جاسکتا ہے انہوں نے متعلقہ افسران و عملے کو کو ہدایت کی کہ سڑکوں کے کناروں سے مٹی اور ملبے کے ڈھیروں کو بھی اُٹھا کر ٹھکانے لگا یا جائے اور سڑکوں پر چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں میں اپنی نگرانی میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کو یقینی بنا تے ہوئے ہدایت کی کہ عبادت گاہوں اور درس گاہوں میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کو بھی یقینی بنا یا جائے ۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ شاہ فیصل ٹاؤن کے تمام علاقوں میں صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے متعلقہ محکموں سے تعاون کریں تاکہ صاف ستھرے اور صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بناکر صحت مند زندگی کو فروغ دیا جا سکے ۔