کراچی پولیس نے قبروں سے لاشیں چرانے اور ہڈیاں فروخت کرنے کے الزام میں دو بھائیوں کی گرفتاری کا دعوی کیا ہے۔ جب کہ گزشتہ رات ایک اور قبرستان میں قبروں کی بے حرمتی کا انکشاف ہوا ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مسلمانوں کی آخری آرام گاہوں میں قبروں کی بے حرمتی کے انکشافات اور میڈیا پرخبریں نشر ہونے کے بعد بالآخر پولیس حرکت میں آ ہی گئی۔ اب پولیس نے دعوی کیا ہے دو حقیقی بھائیوں کی گرفتاری کا۔ پولیس کے مطابق دونوں بھائی گڈاپ ٹاون میں واقع قبرستان میں ابدی نیند سوئے ہوئے انسانوں کے جسد خاکی نکالنے کے بعد ان کی ہڈیاں فروخت کرتے ہیں۔ یہ ہڈیاں جادو ٹونا کرنے والوں کو فراہم کی جاتی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔ مزید انکشافات اور گرفتاریوں کی بھی توقع ہے۔ گڈاپ ٹاون کے اس قبرستان کی تقریبا پینتیس قبروں سے باقیات چرائی گئی تھیں۔ دوسری جانب گزشتہ رات کراچی کے ایک اور قبرستان میں قبروں کی بے حرمتی کا انکشاف ہوا۔ پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع پیر جھنڈے شاہ قبرستان میں تقریبا پچاس قبروں سے لاشوں کی باقیات چرالی گئیں۔ یاد رہے کہ کراچی کے پاپوش نگر قبرستان میں گزشتہ آٹھ سال سے خواتین کی لاشوں کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں بھی ایک شخص کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔