کراچی: لیاری اور مواچ گوٹھ سے 2لاشیں برآمد

Karachi

Karachi

کراچی : (جیو ڈیسک) لیاری اور مواچھ گوٹھ سے دو افراد کی گولیاں لگی ہوئی لاشیں ملیں تو جہانگیر روڈ اور جمشید کواٹر کے علاقے میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران پولیس نے 4 مشتبہ ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ رینجرز نے گلشن حدید میں کاروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مواچھ گوٹھ کے علاقے سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے گولیاں مارنے کے بعد قتل کیا گیا، لیاری کے علاقے میں مرزا آدم خان روڈ سے ایک نوجوان 22 سالہ بابر کی لاش ملی، مقتول کو آٹھ گولیاں مارنے کے بعد قتل کیا گیا، واقعہ تھانہ کلاکوٹ کی حدود میں پیش آیا ہے اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ لائینز ایریا اور سعید آباد میں فائرنگ کے دیگر دو واقعات میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب جہانگیر روڈ، بلوچ پاڑہ اور جمشید کواٹر سے متصل علاقوں میں مشتبہ ملزمان کی اطلاع پر ایسٹ زون کی پولیس نے چھاپہ مار کاروائیاں کیں، جس کے دوران 4 ملزمان کو حراست میں لیکر 3 ٹی ٹی پستول اور منشیات برآمد کر لی گئی، پولیس حکام کے مطابق اطلاعات موجود تھیں کہ ٹارگٹ کلرز علاقے میں رپوش ہیں لیکن کاروائی کے دوران دیگر جرائم کی واردتوں میں ملوث ملزمان کو صرف حراست میں لیا جا سکا ہے۔

ملزمان کو تھانہ سولجر بازار منتقل کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ رینجرز نے اسٹیل ٹاؤن کے قریب واقع گلشن حدید میں کاروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، رینجرز حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزمان ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔