– کراچی کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ فائرنگ سے پیپلز پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی کلثوم چانڈیو زخمی ہوگئیں پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ، تاہم تینوں زخمی اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس کے مطابق تینوں افراد کا تعلق مذہبی جماعت سے ہے، اہلسنت والجماعت کے ترجمان کے مطابق سفاری پارک کے قریب فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تینوں افراد مدرسہ دارالخیر کے طلبا تھے، جنہیں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا۔ ادھر کلفٹن کے علاقے میں فائرنگ سے پی پی پی کی رکن سندھ اسمبلی کلثوم چانڈیو زخمی ہوگئی، جن کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کورنگی نمبر 6 میں فائرنگ سے 2 موٹر سائیکل سوار افراد ہلاک ہوگئے۔ بلدیہ ٹاون کے علاقے 5 نمبر میں کار سوار لوگوں پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں فاروق احمد، سعد فاروق، نصرت محمود اور حماد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ جس میں سے سعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ کورنگی کے علاقے گلزار کالونی میں سیاسی جماعت کے کارکن 24 سالہ ولی خان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔ کورنگی کے علاقے میں ناصر جمپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ اورنگی ٹاون میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج اسپتال میں چل بسا۔