کراچی : (جیو ڈیسک) کراچی کے علاقے ملیر سے تعلق رکھنے والی طالبہ زینب عمران جولائی میں شروع ہونیوالے لندن اولمپکس کے موقع پر برطانیہ کے شہر نوٹنگھم میں اولمپک مشعل لے کر جانے کا اعزاز حاصل کرینگی۔زینب عمران انتہائی ذہین اور باصلاحیت طالبہ ہیں ان دنوں ناصرہ ایجوکیشنل ٹرسٹ اسکول سے میٹرک کا امتحان دینے کے بعد سالانہ امتحانات کے نتائج کی منتظر ہے کہ اس دوران انہیں خوشخبری ملی کہ وہ لندن اولمپکس دوہزار بارہ کے ان لوگوں میں شامل ہیں جو مشعل کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک لے کر جائینگے۔
ملیر کے مضافاتی علاقے میں رہنے و الی زینب عمران بہترین مقررہ کے علاوہ برٹش قونصل کے تحت منعقد ہونے والے متعدد مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا سرٹیکفیٹ اور ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔ زینب عمران کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ زینب نہ صرف پاکستان کی بلکہ پاکستان کا ایک اچھا تشخص بھی دنیا کے سامنے آئیگا۔
زینب عمران نے برٹش قونصل کے انسپائر پروگرام میں حصہ لیا تھا جس میں پاکستان بھر سے ساڑھے آٹھ ہزار طلبا و طالبات شریک ہوئے تھے تاہم اولمپک مشعل کیلئے زینب عمران کا نام منتخب کیا گیا۔