اسلام آباد(جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ الیکشن کے دوران کراچی میں ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج تعینات ہو گی۔ یوٹیلیٹی بلز کے نادہندہ بھی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن آفس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ کراچی میں شفاف انتخابات کیلئے فوج کی لازمی ضرورت ہے اور عام انتخابات میں کراچی میں ہر پولنگ اسٹیشن پر ایک فوجی موجود ہوگا۔
کمیشن کسی قسم کا دباو نہیں مانے گا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ قرضہ واپس نہ کرنے والوں کے علاوہ یوٹیلیٹی بلز کے نادہندہ بھی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اسٹیٹ بینک نے ڈیفالٹر کا میکنانزم بنا لیا ہے۔ ڈیفالٹر کے بارے میں ریٹرینگ افسر کو آگاہ کیا جائے گا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ گھر، گھر جا کرووٹر کی تصدیق کا عمل 80 فیصد مکمل ہو گیا ہے۔ حلقہ بندیوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں گے۔