کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے قتل وغارت کا خاتمہ تو نہ کرسکے لیکن ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر ٹوٹ پڑے، مشتعل افراد نے 2 گاڑیوں کو آگ لگا دی۔کراچی میں پاسبان عزا نے نمائش چورنگی سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری تک ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی ریلی کا اعلان کیا۔ پولیس اور انتظامیہ نے مظاہرین کے نمائش چورنگی تک محدود رہنے کے لئے ڈیڑھ گھنٹے تک مذاکرات کئے۔
مذاکرات کی ناکامی کے بعد جیسے ہی مظاہرین نمائش چورنگی سے احتجاج کے لئے نکلے تو پولیس نے ان پر شلینگ اور ہوائی فائرنگ شروع کر دی۔ شلینگ اور ہوائی فائرنگ کے بعد مظاہرین گلیوں میں منتشر ہو گئے۔ اس دوران مشتعل افراد نے 2 گاڑیوں کو آگ لگا دی جس پر شلینگ اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔
ایک گھنٹے سے شلینگ اور فائرنگ کا سلسلسہ جاری رہا جس کے بعد شیعہ ایکشن کمیٹی کے راہنماء نمائش چورنگی پہنچے اور مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ پولیس نے مذاکرات کے بعد حراست میں لئے گئے افراد کو رہا کر دیا جس پر مظاہرین منتشر ہو گئے اور ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔