کراچی میں عوامی تحریک کی ریلی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گیارہ افراد جاں بحق اور 30 افراد زخمی ہو گئے جبکہ9 گاڑیوں اور ایک درجن موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی۔
سندھ کی ممکنہ تقسیم اور لیاری آپریشن کے خلاف عوامی تحریک کی ریلی فٹبال ہاؤس لیاری عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو کی قیادت میں نکالی گئی جس میں مسلم لیگ ن کی رہنما ماروی میمن، قوم پرست رہنما قمر بھٹی ، مولانا اصغر درس اور ملک ایوب اعوان شریک تھے۔ ریلی فٹبال ہاؤس سے لی مارکیٹ سے آگے نپئیر روڈ کی جانب بڑھنے لگی تو اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ شدید فائرنگ سے اسلم خان چھرے لگنے سے معمولی زخمی ہوئے جبکہ خلیل کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نپئیر روڈ سے منسلک پان مندی کا علاقہ دو طرفہ فائرنگ کے باعث میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا تھا۔ نپئیر روڈ اور لیاری کے مخلتف علاقوں فائرنگ سے خواتین حوا اور غزالہ سمیت دس افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد ریلی کے شرکا متعل ہو گئے اور 9 گاڑیوں اور ایک درجن سے زائد موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی۔ نپئیر روڈ اور بولٹن مارکیٹ کے اطراف کی تمام مارکیٹیں اور بازار شدید فائرنگ کے باعث متعدد دکاندار اور ان کے ملازمین اپنی دکانوں میں بند ہو گئے۔ رینجرز نے موقع پر پہنچ کر بند دکانوں سے لوگوں کو نکالا اور محفوظ مقام کی جانب منتقل کیا۔