کراچی کے مختلف علاقوں سے پانچ مبینہ ٹارگٹ کلرز سمیت گیارہ افراد گرفتار کرلئے گئے۔ چار ملزمان چھیاسٹھ افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔ خفیہ اداروں نے سی آئی ڈی کے ہمراہ اورنگی ٹاون میں مکان پر چھاپہ مارا اور ٹارگٹ کلر جاوید عرف بندا کو چھ ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ اس سے پہلے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے دعوی کیا ہے کہ اورنگی ٹاون پیر آباد میں کاروائی کے دوران دو مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ملزمان نے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سلامو بہاری سمیت چالیس افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ٹارگٹ کلرز کے نام طارق مصطفی عرف عارف اور عبید عرف برسٹی ہیں۔ دوسری جانب ایس پی کلفٹن طارق دھاریجو کے مطابق زمزمہ میں ایک خفیہ اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا۔ جہاں سے دو افراد دانیال اور فیصل کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق دانیال نے تئیس اور فیصل نے تین افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان اجرتی قاتل ہیں۔ ملزمان سے کلاشنکوف اور ٹی ٹی پستول برآمد کئے گئے ہیں۔ ملزمان نے وکلا سمیت سیاسی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔