کراچی (جیوڈیسک) صوبہ سندھ اور جنوبی پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جب کہ کراچی میں موسم گرد آلود ہے جہاں کل سے 4 روز تک ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی جا چکی ہے۔
سندھ میں شدید گرمی کا راج ہے جب کہ آزاد کشمیر اور دیگر بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
سندھ کے شہر جیکب آباد میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا جب کہ شہید بینظیر آباد، روہڑی، سکھر اور چھور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے چار روز تک ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی ہے جس کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ہیٹ ویو سے نمٹنے کےلیے انتظامات مکمل کر لیے۔
ادھر اسلام آباد میں رات گئے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، سرگودھا، مظفر آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔