سپریم کورٹ میں کراچی کی صورتحال سے متعلق سماعت جاری ہے۔ سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیتے ہوئے کراچی کی صورتحال سے متعلق رپورٹ عدالت میں طلب کی تھی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ہدایت کی ہے کہ آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری کراچی کے حالات کو کنٹرول کریں ۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ایم آئی، آئی بی سمیت تمام ایجنسیوں سے رپورٹ حاصل کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے کو آسان نہ لیا جائے یہ انتہائی اہم معاملہ ہے۔ کراچی میں روزانہ 25 ارب کا نقصان ہو رہا ہے۔ انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں اور اس حوالے سے آنے والی فوٹیجز دیکھنے کے قابل نہیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ یہ کسی فرد واحد کا کیس نہیں 18 کروڑ عوام کا کیس ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے بعد اے این پی نے بھی مقدمے میں فریق بننے کی استدعا کر دی ہے۔