ایم کیوایم کے زیر اہتمام ہونیوالے خواتین کے جلسہ عا م با اختیار عورت ۔۔ مضبوط پاکستان آج مزارقائد سے متصل باغ میں ہورہا ہے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں جبکہ شہر میں رات بھر میلے کا سماں رہا اور ریلیاں نکالی گئیں۔
جلسے کی سکیورٹی کے تمام اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی اختر گورچانی کے مطابق شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ریلیوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ڈی آئی جی نعیم بروکا کے مطابق ایم کیو ایم کے تحت ہونیوالے جلسہ گاہ کی سکیورٹی پر دوسو خواتین اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جبکہ جلسہ گاہ کے اندر اور اطراف میں آٹھ سو سے زائد اہلکار تعینات ہونگے ۔انہوں نے بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی خواتین جلسے کی سکیورٹی کی سربراہی ایس ایس پی خادم رند سرانجام دیں گے۔
رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائمخانی نے کمیٹی کے دیگر ارکان قاسم علی رضا ، سیف یار خان اور افتخار اکبر رندھاوا کے ساتھ جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔ تیاریوں میں مصروف کارکنوں سے ملاقات کی اور انہیں قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے جلسہ عام کیلئے کیئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔