کرزئی کا سیکیورٹی کنٹرول کی منتقلی کے تیسرے مرحلے کا اعلان

Karzai

Karzai

افغانستان : (جیو ڈیسک) افغان صدر حامد کرزئی نے نیٹو سے سیکیورٹی کنٹرول کی نئی منتقلی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مقامی فورسز افغانستان کی آبادی کا 75 فیصد سیکورٹی کنٹرول سنبھالیں گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں صدارتی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کپیسا صوبہ جہاں فرانسیسی فوج تعینات ہے سمیت گیارہ صوبوں کا سیکورٹی کنٹرول افغان فورسز کے حوالے کر دیاجائیگا۔ یہ جنگ زدہ ملک میں فوجی کنٹرول کی منتقلی کا تیسرا مرحلہ ہے جبکہ 2014 کے آخر تک اتحادی افواج کے مکمل انخلا کی طرف ایک اور قدم ہے۔

بیان میں یہ بتایا گیا کہ سیکورٹی انتقال کا مرحلہ کب شروع یا ختم ہوگا تاہم کپیسا صوبہ کی اس میں شمولیت نمایاں ہے کیونکہ فرانس کے نو منتخب صدر فرانسو اولاندے رواں سال فرانسیسی فوج کو واپس بلانے کااعلان کرچکے ہیں۔ صدارتی ترجمان ایم الفیضی نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ آج قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گیارہ صوبوں کا سیکورٹی انتطام افغان فورسز کے حوالے کیا جائیگا۔ ان میں ارزگان، پروان اور کپیسا صوبے بھی شامل ہیں۔ آسٹریلوی فورسز اس وقت صوبہ اورزگان میں تعینات ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی کے انتقال کے بعد مقامی آبادی کا 75 فیصد مقامی فورسز کے کنٹرول میں آجائیگا۔ اس سے قبل گزشتہ سال جولائی میں دو مراحل میں سیکورٹی انتظامات افغان فورسز کے سپرد کئے گئے تھے۔