کوئٹہ میں کئی ماہ سے ڈبل سواری پر پابندی، شہری پریشان

quetta

quetta

کوئٹہ : (جیو ڈیسک) گزشتہ کئی ماہ سے امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن واقعات ہیں کہ رکنے کانام ہی نہیں لے رہے اس سے شہریوں کو کیا مشکلات ہیں اس سے کسی کو سروکار نہیں موٹر سائیکل عام طور پر غریب یامتوسط طبقہ کی سواری سمجھی جاتی ہے حکومت نے روٹی کپڑا اور مکا ن کی طرح عوام سے اس سواری سے بھی فائدہ اٹھانے پر پابندی عائد کر دی ہے اور امن و امان کے نام پر شہر میں کئی ماہ سے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور ہر ماہ اس میں توثیق کر دی جاتی ہے لیکن اسکے باوجود حالات میں کوئی خاطر خواہ تبدیلی رونما نہیں ہوئی اور امن وامان بدستور خراب ہی ہے۔

لیکن پولیس حکام عوام الناس کی مجبوریوں اورپریشانیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے افسران بالا کے احکامات پرکورنش بجا لاتے ہوئے شہریوں کو چالان یا انکا موٹر سائیکل بند کر دیتی ہے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کی روک تھام کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی لیکن ان واقعات کے تسلسل سے رونماء ہونے کے باعث شہری یہ کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ ڈبل سواری پر پابندی کی بجائے سیکیورٹی ادارے از سر نو معاملات کو ترتیب دیں۔