کوئٹہ : (جیو ڈیسک)کوئٹہ میں نیو کچلاک پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دھماکہ خیز مواد سے بھر ی دو گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا اور سات افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایچ او نیو کچلاک جلال خان ترین کے مطابق صوبائی دارلحکومت سے چوبیس کلو میٹر کے فاصلے پر ژوب روڈ کے راستے کوئٹہ کی طرف بڑھنے والی دو گاڑیوں کو مشکوک جان کر روکا گیا تو اس میں دھماکہ خیز مواد پایا گیا،پولیس نے دونوں گاڑیوں میں بیٹھے سات افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔
قبضے میں لی جانے والی اشیا میں اڑتالیس سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد،چھ ہزار سے زائد ریموٹ کنٹرول سسٹم ،ایک سو پچیس بارودی سرنگیں ،تین ہزار ڈیٹو نیٹرز ،گیارہ وائر لیس سیٹ اور دھماکوں میں استعمال ہونے والے فیوز وں کی بڑی تعداد کے علاوہ تاریں بھی شامل ہیں۔
گرفتار افراد سے تفتیش شروع کردی گئی ،پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے کوئٹہ لے جایا جا رہا تھا ،نیو کچلاک پولیس نے منصوبہ ناکام بنادیا۔