کڑیانوالہ مرکز میں 10یونین کونسلز کی لڑکیوں کے درمیان کوکنگ اور سلائی کٹائی کا مقابلہ ہوا
Posted on September 16, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات (جی پی آئی) سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جلالپور جٹاں جلالپور جٹاں کے زیر اہتمام یوتھ فیسٹیول کے سلسلہ میں کڑیانوالہ مرکز میں 10یونین کونسلز کی لڑکیوں کے درمیان کوکنگ اور سلائی کٹائی کا مقابلہ ہوا ، جس میں 29لڑکیوں نے مجموعی طو رپر حصہ لیا ، کامیاب ہونے والی لڑکیوں میں سماجی شخصیت حاجی محمد افضل نے نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ، 9لڑکیوں نے کوکنگ جبکہ 20لڑکیوں نے سلائی اور کٹائی کے مقابلوں میں حصہ لیا ، اس موقع پر حاجی محمد افضل نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام ایسے پروگرام منعقد کرنے سے نہ صرف لڑکیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی ، بلکہ لڑکیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا ۔
تا کہ وہ بھی معاشرتی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی میں بھی اہم کردار کر سکیں ، اس موقع پر مسز شیرازہ نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب یہ چاہتی ہے کہ خواتین کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں اور خصوصی طور پر خانہ داری اور سپورٹس میں آگے لایا جائے تا کہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کر سکیں ، معاشرے سے فرسودہ نظام کا خاتمہ ہونا چاہیے تا کہ خواتین خود مختار ہو کر اپنے مسائل خود حل کرنے کیلئے بہتر اقدامات کر سکیں ۔