سوئٹزرلینڈ : (جیو ڈیسک) سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ورلڈ کپ سکیی کراس ریس میں کینیڈا کے سکیئر نِک زورکِک حفاظتی جنگلے سے ٹکرا کر ہلاک ہوگئے۔ سکیئنگ کے راستے کے دونوں جانب حفاظتی باڑھ لگائی گئی تھی۔ انتیس سالہ زورکِک آخری چھلانگ لگانے کے بعد حفاظتی باڑھ سے ٹکرائے جس سے ان کے سر پر جان لیوا چوٹیں آئیں۔ ہفتے کو اس واقعہ کے بعد منتظمین نے گرائنڈل والڈ کے ان مقابلوں کو ختم کردیا۔ حال ہی میں یہ کینیڈا کے لیے دوسرا اندوہناک واقعہ ہے۔ اس سے پہلے جنوری میں تربیتی سکیئنگ کے دوران سارہ برک ہلاک ہوگئی تھیں۔ زورکک کو گِرنے کے بعد فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی اور پھر انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔
عالمی سکیی فیڈریشن نے زورکک کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ گورننگ باڈی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے نِک زورکک اپنا آٹھواں اور آخری چکر ختم کرنے سے ذرا پہلے اونچائی سے گِرے اور براہِ راست حفاظتی باڑھ سے ٹکرائے اور پھر بے ست پڑے رہے۔ زورکک نے الپائن سکیئر کے طور پر اپنا کیریئر شروع کیا اور وہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں تین سال سے زیادہ عرصے سے شرکت کررہے تھے۔ عالمی سکیی فیڈریشن اور سوئز سکیی کی انتظامی کمیٹی نے زورکک کے اہلِ خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔