کیپ ٹاؤن ٹیسٹ (جیوڈیسک)جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور ستائیس رنز سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم کو دومیچوں کی سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔
نیوزی لینڈ نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا آغازایک سو انہتر رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا ، مگر اس کی باقی چھ وکٹیں مجموعی اسکور میں ایک سو چھ رنز کا اضافہ کر کے گرگئیں ۔ یوں جنوبی افریقہ نے یہ ٹیسٹ اننگز اور ستائیس رنز سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کے ڈین برانلی نے ایک سو چھ رنز بناکر اپنی ٹیم کو بچانے کی پوری کوشش کی، لیکن دوسرے بیٹسمینوں نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف پینتالیس رنز بناسکی تھی جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹ پر تین سو سینتالیس رنز بناکر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔
نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے تین سو دو رنز کی ضرورت تھی، لیکن کیوی ٹیم دو سو پچھتر رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین نے تین جبکہ ورنن فلینڈر اور ژیاک کیلس نے دو دو وکٹیں لیں۔ فلینڈر کو میچ میں عمدہ بولنگ کرکے سات وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ گیارہ جنوری سے پورٹ ایلزبتھ میں کھیلا جائے گا۔