گوجرانوالہ کی خبریں (جی پی آئی)11-01-2013

گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ضلعی نائب صدر حاجی عارف حسین جٹ نے کہا ہے کہ محلاتی سازشوں اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے نواز شریف کا راستہ نہیں روکا جاسکتا، پانچ سالہ ناقص کارکردگی نے پیپلز پارٹی کی اصلیت ظاہر کر دی، میاں محمد نواز شریف کے وزیراعظم بننے سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افتخار کالونی ونیہ موڑ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی عارف حسین جٹ کا کہنا تھا کہ سستی شہرت کیلئے انقلاب کا شوشہ چھوڑنے والے سیاسی مستقبل سے مایوس لوگ انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کر رہے ہیں مگر اب ان کی دال نہیں گلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ، فوج اور عوام جمہوریت کے حق میں ہیں ، سازشی ٹولہ انتخابات میں عوامی احتساب کے لئے تیار رہے۔ اس موقع پر حاجی طارق محمود سپرا، راشد خان، مبین عارف، حاجی محمد بوٹا، حاجی افتخار ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

قائد اعظم کی شخصیت پر منفی بات گندی ذہنیت پر مبنی ہے۔ خواجہ طارق جاوید نائیک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)راہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)وسابقہ ڈپٹی میئر خواجہ طارق جاوید نائیک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قائد اعظم کی شخصیت کے بارے میں کسی بھی قسم کی منفی بات کرناگندگی ذہنیت اور چاند پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ قائد اعظم ملک کے بانی ہیں ،ملک پاکستان کا بچہ بچہ اپنے قائد محمد علی جناح کے احسان کا قرض دار ہے اور پوری قوم انکا احسان نہیں چکا سکتی ،پاکستان کی غیور عوام اپنے قائد کا احترام کرتی ہے ،کسی کے کہنے سے ان کے احترام میں کمی نہیں آسکتی ، بلوچستان ،سوات اور کراچی میں بے گناہ لوگوں کی شہادت سے دلی دکھ ہوا ہے ۔انتہا پسند عناصر ملک کو تباہ کرنے پر تلے ہیں ،ملکر ان کے عزائم ناکام بنانا ہونگے ۔آخر میں انہوں نے کہاکہ 14جنوری کے ڈرامے کو عوام کامیاب نہیں ہونے دینگے’وطن دشمن عناصر (ن)لیگ کیخلاف پروپیگنڈا میں مصروف ہے لیکن ن لیگ کو عوام سے دور نہیں کیا جاسکتا مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں ملک بھر میں کلین سویپ کریگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک دشمنوں نے بیک وقت سیاسی و جغرافیائی سرحدوں پر حملہ کیاہے’پروفیسر سعید کلیروی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی گوجرانوالہ کے سرپرست مولانا صادق عتیق،امیر پروفیسرسعید کلیروی، ناظم اعلیٰ حافظ عمران عریف،سینئر نائب امیر، مولانا محمد عارف اثری، صوبائی سرپرست اعلیٰ مولانا محمد نعیم بٹ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد ابرار ظہیر، مولانا امتیاز محمدی،مولانا قاری غلام مصطفی،مولانا محمد احمد بھٹہ،قاری محمد نعیم صدیقی ،مولانا عتیق الرحمان خلیق اور دیگر نے خطبات جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کوئٹہ اور سوات میں ہونے والے بم دھماکوں،طاہر القادری کے لانگ مارچ، الطاف حسین کے قائد اعظم بارے بیان اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمنوں کی سازش اور ایک ہی سلسلے کی کڑی قرار دیا ہے۔ علماء نے کہا کہ ملک دشمنوں نے بیک وقت پاکستان کی سیاسی و جغرافیائی سرحدوں پر حملہ کر کے پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار ملک کو مزید غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے۔علمائے اہل حدیث نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں اپنی واضح شکست دیکھ کر بوکھلا گئی ہے اور ذلت آمیز شکست سے بچنے کے لئے انتخابات ملتوی کروانے کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے۔ قوم حکمرانوں کی اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے بیدار اور متحرک ہے۔علماء نے کہا کہ قیام پاکستان سے پہلے برطانوی ہندوستان میں قائد اعظم کے پاس ان کا پاسپورٹ ہونا کوئی عیب کی بات نہیں مگر قیام پاکستان کے بعد پاکستان میں اقتدار کی سیاست بھی کرنا اور پاکستان کے خلاف برطانیہ اور کینیڈا سے وفاداری کا دم بھرنا قابل مذمت بات ہے۔الطاف حسین اور طاہر القادری اوٹ پٹانگ حرکتوں سے قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔علماء نے بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی پر بھی شدید احتجاج کرتے ہوئے حکمرانوں کی طرف بھارت کو MNFکا درجہ دینے کی شدید مذمت کی ہے۔اور کہا ہے کہ پاکستانی حکمران عوام کی خواہشات کے بر عکس بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں جبکہ بھارت جواب میں ہمیں لاشوں کے تحفے بھیج رہا ہے، ہماس پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
بیگناہ انسانوں کا خون بہانے والے جہادی نہیں فسادی ہیں:مولانا محمداکبر نقشبندی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات جمیعت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ بیگناہ انسانوں کا خون بہانے والے جہادی نہیں فسادی ہیں’کوئٹہ اور سوات میں دھماکے قابل مذمت ہیں دہشتگردانسانیت اور اسلام کے بدترین دشمن ہیں جمہوریت کے دعویداروں نے قیام امن کیلئے کچھ نہیں کیا’ناجائز اسلحہ اور دہشتگردوں کیخلاف ملک گیر آپریشن ضروری ہو گیا ہے فرانس میں توہین رسالت پر مبنی کتاب کی اشاعت گھنائونی حرکت قابل مذمت ونفرت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد نور میں منعقدہ حضرت مجدد الف ثانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ۔اس موقع پر صاحبزادہ محمد دائود رضوی’محمد حسین صدیقی’الحاج سرفراز احمد تارڈ’مفتی غلام نبی جماعتی’پیر عمار سعید سلیمانی’قاری محمد اعظم چشتی’قاری غلام سرور حیدری’قاری محمد اشرف شاکر’مفتی محمد سعید رضوی اور دیگر نے خطاب کیا۔مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہاکہ حضرت سیدنا امام ربانی مجدد الف ثانی نے جرات واستقامت سے دین اسلام کی بقائ’شریعت کی بالادستی اور اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے عظیم تاریخ رقم کی’آپ نے کفرستان ہند میں اسلام کی کشتی کو ڈوبنے سے بچایا۔انہوں نے کہاکہ مغل اکبربادشاہ کا دین الہی ہندوستان کی تاریخ میں بد نما داغ ہے اکبر کے دین الہیٰ کے خطرناک نتائج سے عالم اسلام کو بچانے میں حضرت مجددالف ثانی نے کفر وارتداد اور گمراہی کے ایوانوں میں حق وصداقت کا پرچم بلند کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف میں سالانہ محفل میلاد کل منعقد ہو گی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف میں سالانہ محفل میلاد کل 13جنوری بروز اتوار صبح 9بجے الحاج پیر سید باقر علی شاہ بخاری سجادہ نشین کی زیر صدارت اور صاحبزادہ پیر سید عظمت علی شاہ بخاری کی زیر نگرانی منعقد ہوگی۔