کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ عشرت العباد کی یقین دہانی پر کراچی کی تاجر برادری نے ہڑتال 30 نومبر تک موخر کر دی۔ کراچی میں کے سی سی آئی کے وفد نے قاسم تیلی کی سربراہی میں گورنر عشرت العباد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجر برادری کی جانب سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
سراج قاسم تیلی نے کہا کہ جرائم کی بڑھتی وارداتوں کی وجہ سے چھوٹے تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ اس موقع پر گورنر عشرت العباد نے کہا کہ تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مارکیٹوں میں چوکیاں قائم کی جائیں گی۔
گورنر سندھ کی جانب سے امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کی یقین دہانی پر سراج قاسم تیلی نے 10 نومبر کو ہونے والی ہڑتال 30 نومبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔