لاہور (جیوڈیسک) لاہور جنرل ہسپتال کے بالمقابل فلائی اووریوٹرن کے تعمیراتی منصوبہ کے سبب ا لمدینہ سٹریٹ اور نیازی سٹریٹ میں سوئی گیس، پینے کے صاف پانی اور مسلسل تین ماہ سے سیوریج سسٹم کی بندش کیخلاف محمد پورہ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتما م احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔
مظاہرین کی قیادت امان اﷲ خان، ناصر اقبال، راؤ عبدالجبار، ندیم ارشد، عبدالصمد، ذوالفقارباجوہ، چودھری اسلم، عبدالشکور، آصف قیوم، اسدخان اور شفیق احمد کر رہے تھے۔ مظا ہر ین نے کہا کہ میٹروبس منصوبہ مقامی آبادیوں کیلئے وبال جان بناہوا ہے۔ ایک طرف سوئی گیس نہیں ملتی تو دوسری طرف پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ جوہڑوں اور گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے عزیز و اقارب نے ہماری طرف آنا چھوڑ دیا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ فوری ایکشن نہ لیا گیا تو فیروز پور روڈ پر دھرنا دیں گے۔