ممبئی : (جیو ڈیسک) اداکار اکشے کمار کو فلموں میں کام کرتے تقریبا بیس سال ہو چکے ہیں لیکن وہ خود مانتے ہیں کہ انہوں نے ہندوستانی سنیما کو کچھ نہیں دیا۔ اگلے سال ہندوستانی سنیما کے سو سال پورے ہو رہے ہیں۔ ایسے میں جب اکشے کمار سے پوچھا گیا کہ ان کی نظر میں ان کا سنیما کے لئے کیا تعاؤن رہا تو اکشے کمار نے کہا، میں نے سنیما کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ پیسے کمانے کے لئے فلمیں کیں۔ میں نے فلمیں کیں تاکہ پیسے کما کر کچھ ضرورت مند لوگوں کی مدد کر سکوں۔ میں نے فلمیں کیں کیونکہ اس میں میری دلچسپی تھی۔
اکشے کمار یہ بھی کہتے ہیں کہ کسی بھی فلم کو کرتے وقت وہ کسی ذمہ داری کا تجربہ نہیں محسوس کرتے۔ وہ کہتے ہیں، ذمہ داری بہت بڑا لفظ ہے۔ کوئی بھی فلم کرتے وقت اگر آپ کسی ذمہ داری کا بوجھ اپنے کندھوں پر ڈالیں گے تو کبھی اچھا کام نہیں کر پائیں گے۔ فلمز تو ہنستے کھیلتے، موج مستی کرتے ہوئے ہلکے پھلکے انداز میں کرنی چاہئیں۔
گزشتہ کچھ عرصے میں فلموں کا کاروبار تیزی سے بڑھا ہے۔ تھری ایڈیٹس، باڈی گارڈ، ریڈی، دبنگ، سگھم اور اگنی پتھ جیسی فلموں نے سو کروڑ روپے تک کا کاروبار کیا۔ اس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیے اکشے کمار نے کہا، نت نئے ریکارڈز بن رہے ہیں۔ میری فلم سنگھ از کنگ نے ستر کروڑ کی حد کو پہلے چھوا، پھر سو کروڑ کے ریکارڈ بنے۔ اگلے پانچ سالوں میں آپ دیکھیں گے کہ فلمز چار سو کروڑ روپے تک کا کاروبار کر سکیں گی۔
اگلے ہفتے اکشے کمار کی فلم ہاس فل 2 ریلیز ہو رہی ہے۔ جس میں ان کے علاوہ بھی کئی دوسرے ستارے ہیں جن میں جان ابراہم، متھن چکرورتی، رشی کپور، رندھیر کپور، آسن سمیت کل 12 ستارے شامل ہیں۔ اکشے کہتے ہیں کہ اس فلم میں ہٹ ہونے کے سارے مصالحے موجود ہیں۔ اکشے کمار کا کہنا ہے کہ کچھ سال پہلے میں نے ایک ساتھ چودہ فلاپ فلمیں دیں۔ پھر میری کچھ ہٹ فلمز آئیں۔ تو ہٹ اور فلاپ کا سلسلہ تو چلتا رہتا ہے۔ اس میں کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔ ہاس فل 2 کے علاوہ اکشے کمار کی آنے والی فلمیں جوکر اور راوڈی راٹھور ہیں۔