روزاؤ : (جیو ڈیسک) ڈومینیکا کے شہر روزاؤ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے سات وکٹ پر 212 رنز بنا لیے۔ سیریز کے آخری ٹیسٹ میں آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو صرف ایک رنز پر آسٹریلیا کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ آؤٹ ہونے والے بلے باز کوون تھے جنہیں روی رام پال نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
اس ابتدائی نقصان کے بعد شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر نے دوسری وکٹ کے لیے تراسی رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ واٹسن کی وکٹ کی صورت میں ہوا۔ انہیں ڈیرن سیمی نے اکتالیس کے انفرادی سکور پر کیچ کروا دیا۔ وارنر نصف سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پہلے مقامی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے شین شلنگفرڈ کی پہلی وکٹ بنے۔ بعد میں آنے والے آسٹریلوی بلے بازوں میں سے بھی کوئی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہا۔جب کھیل ختم ہوا تو میتھیو ویڈ بائیس اور مائیکل سٹارک چوبیس رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شلنگفرڈ نے چار جبکہ سیمی، رام پال اور روچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تین میچوں کی اس سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے بارباڈوس میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش سے متاثر ہوا تھا اور بے نتیجہ رہا تھا۔