وینزویلا (جیوڈیسک) وینزویلا کے صدر ہوگو شاویز کے حلف اٹھانے کا پروگرام منسوخ کر دیا گیا۔ وینزویلا کی حکومت کے مطابق صدر ہوگو شاویز جمعرات کے روز اگلی مدت کے لیے حلف نہیں اٹھائیں گے۔ قومی اسمبلی کی اسپیکر نے اراکین کو بتایا کہ ہوگو شاویز بعد میں کسی اور تاریخ کو اگلی مدت کے لیے حلف اٹھائیں گے۔
صدر ہوگو شاویز کیوبا میں ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کا گیارہ دسمبر کو کینسر کا چوتھا آپریشن ہوا تھا اور اس کے بعد سے وہ پھیپھڑوں کے شدید انفیکشن کا شکار ہیں۔ صدر شاویز گذشتہ ماہ آپریشن کے بعد سے عوام کے سامنے بھی نہیں آئے۔
دوسری جانب حزب اختلاف نے سپریم کورٹ ایک رٹ دائر کی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ اگر ہوگو شاویز حلف نہیں اٹھا سکتے تو ایسی صورت میں کیا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
حزب اختلاف کے رہنماؤں نے کہا کہ صدر شاویز اگلی مدت کے لیے حلف نہیں اٹھاتے ہیں تو اس صورت میں ملکی آئین کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر آئندہ 30 دن کے اندر نئے انتحابات کے انعقاد تک نگران صدر کے طور پر کام کریں۔
واضح رہے کہ وینزویلا کے آئین کی رو سے اگر صدر اپنے اقتدار کی پہلے چار سال میں کسی وجہ سے اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں تو تیس دن کے اندر دوبارہ انتخاب کروایا جائے گا۔