لندن (جیوڈیسک) برطانوی پولیس نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر دہشت گردی کے شبہ میں خاتون سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔یہ بات میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہی گئی ہے۔ بیان کے مطابق ایک مرد اور خاتون جن کی عمریں 26 سال ہیں انہیں ایک پرواز کے ذریعے ایئرپورٹ تک پہنچنے کے بعد انسداد دہشت گردی کمانڈ کے افسران نے حراست میں لے لیا۔
ان افراد کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی یا اکسانے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں وسطی لندن کے پولیس سٹیشن میں رکھا گیا ہے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ گرفتاریاں شام میں دہشت گردی کی مبینہ سرگرمیوں کی حمایت کے لئے شام کا سفر کرنے کی غرض سے تحقیقات کا حصہ ہیں۔ تحقیقات کے سلسلے میں افسران نے مشرقی لندن میں دو علیحدہ علیحدہ رہائشی پتوں پر سرچ وارنٹ بھیجے ہیں۔