یتیم بچوں کی پرورش کے لئے سویٹ ہوم قائم کیے گئے ہیں :چوہدری سرور
Posted on April 30, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات: پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام یتیم بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت کے لئے سویٹ ہوم قائم کیے گئے ہیں ، جن میں یتیم بچوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جا تی ہیں اور گجرات میں قائم ہونے والے ادارے کی کارکردگی قابل تحسین ہے ، مخیر حضرات صرف 3ہزار روپے ماہانہ عطیہ دے کر ایک بچے کا خرچہ برداشت کر سکتے ہیں ، جس سے بچہ کے تعلیم و تربیت کا خرچہ پورا ہو سکتا ہے ، ان خیالات کا اظہار جائنٹ سیکرٹری خزانہ پاکستان چوہدری سرور نے دورہ کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ گجرات زندہ دلوں کا شہر ہے اور یہاں مخیر حضرات اپنی صدقات اور عطیات سے بچوں کی پرورش کر سکتے ہیں ، ڈسٹرکٹ آفیسر پاکستان بیت المال اکبر بٹ نے بتایا کہ اس وقت 100کے قریب یتیم بچے مقیم ہیں ، اور ہر دس بچوں پر ایک آیا تعینات ہے جو کہ بچوں کی پرورش کا خیال رکھتی ہیں ، چوبیس گھنٹے جرنیٹرکی سہولت موجود ہے ، تا کہ بچوں کو سہولت مل سکے ، مختلف مینیو کے تحت کھانا ، کپڑے ، جوتے فراہم کیے جاتے ہیں ، ممتاز شخصیت رانا مشرف نا ز نے کہا کہ ہم علاقہ کے مخیر حضرات کے تعاون سے بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرینگے ، اس موقع پر ممتاز صحافی عامر چوہدری ، صہیب سرور ، عبدالغفار چوہدری بھی موجود تھے ۔