یمن میں صدارتی انتخابات کا اعلان

yemen

yemen

صدر علی عبداللہ صالح کی جانب سے اقتدار کی اپنے نائب کو منتقلی کے معاہدے پر دستخط کے چند روز بعد ہی یمن میں صدارتی انتخابات 21 فروری کو کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔نائب صدر ابد ربو منصور حادی نے قبل از وقت انتخابات سے متعلق حکم نامہ ہفتہ کو جاری کیا۔مسٹر صالح اور یمن میں حزب مخالف کے رہنماوں نے خلیجی ریاستوں کی تعاون تنظیم کے تجویز کردہ منصوبے پر بدھ کو دستخط کیے تھے، جس کے تحت مسٹر صالح کی طرف سے اقتدار کی منتقلی کے بعد ان کے نائب نے قومی اتحادی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع کرنا ہے۔معاہدے کا مقصد مسٹر صالح کے 33 سالہ اقتدار کے خلاف کئی ماہ سے جاری احتجاجی مظاہروں کا خاتمہ ہے۔ تاہم صدر کے مخالفین نے اس کے خلاف بھی مظاہرے کیے ہیں کیوں کہ اس کے تحت مسٹر صالح کو عدالتی کارروائی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔
دریں اثنا امریکہ نے یمن میں حزب اقتدار و اختلاف کی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اقتدار کی جلد از جلد منتقلی کے لیے اپنے آپ کو مکمل طور پر وقف کر دیں۔یمن میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد صدر براک اوباما کے انسداد دہشت گردی سے متعلق مشیر نے مسٹر حادی سے رابطہ کیا کیوں کہ واشنگٹن کو خدشہ ہے کہ اس ملک میں سرگرم القاعدہ کے عسکریت پسند سیاسی عدم استحکام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تنظیم کو مضبوط کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔