ینگ ڈاکٹرز کا آوٹ ڈور کے باہر طبی کیمپ آٹھویں روز میں داخل ہو گیا۔ ہسپتالوں کی انتظامیہ نے آوٹ ڈور چلانے کے لئے سینئرز کو طلب کر لیا۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے آوٹ ڈور کے باہر جب احتجاجا طبی کیمپ لگائے تو اس وقت تو مطالبہ کیا تھا کہ گوجرانوالہ میں سینئر ڈاکٹر تشدد کیس میں گرفتار ڈاکٹروں کو رہا کیا جائے۔ زخمی ڈاکٹروں کا مقدمہ درج کیا جائے۔
معطل اور برطرف کئے گئے ڈاکٹروں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کو واپس لیا جائے مگر اب یہ احتجاج مریضوں کے نام کر دیا ہے ۔ دوسری طرف انتظامیہ نے کیمپ ناکام بنانے کے لئے سینئر ڈاکٹروں کو آوٹ ڈور میں بٹھا دیا ہے۔
ہسپتالوں میں آنے والے مریض ابھی تک تو مطمئن ہیں کہ انہیں ڈاکٹر چیک بھی کر رہے ہیں اور ادویات بھی مل رہی ہیں۔ ڈاکٹروں کا پرامن احتجاج جاری ہے اور مریضوں کو آنے والے دنوں میں مزید خواری سے بچانے کے لئے ڈاکٹروں اور حکومتی نمائندوں کو اپنی ذمہ داری حالات بگڑنے سے پہلے پوری کرنا ہو گی۔