یونیورسٹی آف گجرات میں ابلاغ کی اہمیت اور طریقے کے موضوع پر ورکشاپ منعقد ہوئی
Posted on February 21, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات: یونیورسٹی آف گجرات میں ‘ارفع کریم ریسرچ سنٹر ‘ کے زیر اہتمام اساتذہ کے لیے ”ابلاغ کی اہمیت اور طریقے ” کے موضوع پر خصوصی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ ORICکے محمدیعقوب خاں اور شہزادہ بابر نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔ ورکشاپ کے ریسورس پرسن اظہار و ابلاغ کے ممتاز ماہر و استاد سید سجاد رضا تھے۔ ڈائریکٹر سی ایس اینڈ آئی ٹی ڈاکٹر مدثر اقبال نے تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہنر اور مہارت میں مسلسل بہتری ہی کامیابی کی کلید ہے۔ اساتذہ میں ابلاغی مہارتوں کے فروغ سے تدریسی نظام کو زیادہ ثمر آور بنایا جا سکتا ہے۔ ہمیں نظام تعلیم و تدریس کو مفید بنانے کے لیے تحقیق و تربیت کو اُوڑھنا بچھونا بنانا ہو گا۔ ریسورس پرسن سید سجاد رضا نے ابلاغ کے طریقوں پر جامع انداز میں روشنی ڈالی اور کہا کہ استاد دراصل ابلاغ ہی کا دوسرا نام ہے اُنہوں نے کہا کہ استاد کو مؤثر ابلاغ کے لیے زبان و اسلوب، بے ساختگی، فکر و استدلال ، آواز کا اُتار چڑھائو اور حرکات و سکنات کا حسین امتزاج ہونا ضروری ہے۔ پرکشش شخصیت اور لیکچر کی جامع پلاننگ کے ساتھ مؤثر ابلاغ تدریس کو بامعنی اور دلچسپ بنا دیتا ہے۔ سید سجاد رضا نے ابلاغ کے اُصولوں اور مہارتوں کے حوالے سے نادر نکتوں کی وضاحت کی اور بتایا کہ سامعین پر تاثر چھوڑنے کے لیے کن اُصولوں اور قاعدوں کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔ محمد یعقوب خاں نے کہا کہ جامعہ گجرات میںORICکا شعبہ تحقیق و تخلیق کو جدت بخشنے کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھے گا۔ ڈاکٹر مدثر اقبال نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر نظام الدین نے ارفع کریم گولڈ میڈل دینے کا اعلان کیا یہ گولڈ میڈل خصوصی مہارتوں کے اکتساب اور فروغ پر ہی دیا جائے گا نیز ہر سال ارفع کریم ریسرچ سنٹر ذہین اور مستحق طلباء کو وظائف بھی دے گا۔